اسلام آباد ( عبداللہ شاد- خبر نگار خصوصی) بھارتی خفیہ ایجنسی را نے چین کیساتھ تازہ ترین کشیدگی کے بعد اپنی خصوصی خفیہ ’’ ٹُو ٹُو رجمنٹ‘‘ کو مزید فعال کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹُو ٹُو رجمنٹ بھارتی آرمی چیف کی بجائے براہ راست را کے چیف کو جوابدہ ہے۔ اس رجمنٹ کو اب لداخ اور ارونا چل پردیش کے بالکل اگلے محاذوں پر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق اس رجمنٹ کے 10 ہزار اہلکاروں کو چینی سرحدوں پر تعینات کیا جائے گا۔ اس رجمنٹ کا مین ہیڈ کوارٹر بھارتی صوبہ اترکھنڈ کے چاکراتا قصبے میں ہے، دہرادون سے 100 کلو میٹر دور اس علاقے میں کسی شخص کو خصوصی اجازت نامے کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہے، اگر کوئی شخص یہاں داخل ہو تو اسے فوراً حراست میں لے لیا جاتا ہے ۔ یہ رجمنٹ 1962 میں قائم کی گئی تھی، آج تک اس رجمنٹ کی کارکردگی اور سرگرمیوں کو پبلک نہیں کیا گیا اور نہ کاغذات میں اس کے بارے میں کوئی تذکرہ ہے۔ ذرائع کے مطابق اس رجمنٹ کو تیار کرنے کا مقصد لداخ کے سخت موسم میں چینی سرحد میں گھس پر تخریبی کارروائیاں کرنا ہے۔ اس رجمنٹ میں بھاری اکثریت تبت سے تعلق رکھنے والے بھارتی اہلکاروں کی ہے۔
بھارت، را کی پروردہ خفیہ ’’ ٹُو ٹُو رجمنٹ‘‘ کو مزید فعال ک رنے کے احکامات
Sep 04, 2020