کراچی(اے پی پی) کراچی کے علاقے کیماڑی پر واقع آئل ٹرمینل ون پر ایک نجی کمپنی کے اسٹوریج ٹینک میںآگ لگ گئی جس کے بعد کیماڑی سے ملک بھر کو تیل کی فراہمی معطل ہوگئی،کراچی کے کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔آگ کیماڑی آئل ٹرمینل ون میں پیٹرول کے یونٹ میں لگی، آئل ٹرمینل میںآگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ مدد کیلئے پاک بحریہ اور دیگر ریسکیو ادارے بھی پہنچ گئے۔اس موقع پر رینجرز اہلکاروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میںلے لیا اور عام افراد کی آمد و رفت بند کردی گئی جبکہ متاثرہ مقام سے لوگوں کو ریسکیو کرنے کا عمل شروع کردیا۔پاک بحریہ، سندھ رینجرز اور دیگر ریسکیو اداروں نے آگ بجھائی۔آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد کے پی ٹی کے چیئرمین بھی موقع پر پہنچ گئے۔کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے حالات بہتر ہونے تک ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل کردی گئی ۔جاں بحق ہونے والے دونوں افرادکچھی پاڑہ کے رہائشی تھے۔ پولیس نے بتایاہے کہ آگ لگنے کے وقت دونوں افراد آئل ٹرمینل میں کام کررہے تھے، جاں بحق افراد کی شناخت شاہد اور صالح محمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت کاشف اور فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق کیماڑی آئل ٹرمینل پر فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا جبکہ پاک بحریہ کی ٹیم بھی آگ بجھانے میں معاونت کررہی تھی۔آئل ٹرمینل پر آتشزدگی کے باعث ٹریفک کو آئی سی آئی پل سے متبادل راستے کی جانب بھیجا گیا۔پی ایس او ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میںکیماڑی آئل ٹرمینل پر واقع پی ایس او کی تنصیبات بالکل محفوظ ہیںتاہم حفظ ماتقدم کے طور پر پی ایس او کی جانب سے کیماڑی سے ایندھن کی فراہمی فوری طور پر معطل کردی گئی۔تھانہ جیکسن کے انچارج کے مطابق آگ کیماڑی آئل ٹرمینل ون پر واقع ایک نجی کمپنی کے ڈپو میںلگی،آگ کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے فائر بریگیڈ اور پاک بحریہ کی ٹیموں اور فائر ٹینڈرز کے ساتھ واٹر بورڈ کے ہائیڈ رنٹس اور فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں بھی طلب کر لی گئیں جس کے بعد سہہ پہر کو فائر بریگیڈ آئل ٹرمینل پرلگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والے دونوں افراد ٹینکر ڈرائیور ہیں، آگ کے وقت دونوں افراد ٹرمینل میں موجود تھے۔آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین شمس شاہوانی نے کہا ہے کہ آگ سے ہمارا کافی نقصان ہوا ہے، حالات کی بہتری تک پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی روک دی اور فی الحال اپنی گاڑیاں آئل ٹرمینل سے ہٹالی ہیں، آگ پر قابو پانے کے بعد صورتحال دیکھ کرسپلائی بحالی کا فیصلہ کریں گے۔دریں اثناء کیماڑی آئل انسٹالیشن میں شیل کے اسٹوریج میں ہونے والی آتشزدگی کی تحقیقات کی جائے گی کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اورایڈیشنل کمشنر کراچی ون کو انکوائری افسر مقررکیا ہے ۔اس سلسلہ میں جاری ہونے والے نوٹی فیکشن میں کہا گیا ہے کہ انکوائری افسر کسی بھی ماہر یا متعلقہ محکمہ سے تحقیقات میں مدد لے سکیں گے ۔ انکوائری افسر کو حکم دیا گیا ہے کہ و ہ واقعہ کے اسباب معلوم کریں اور واقعہ کی ذمہ داری کا تعین کریں۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ معلوم کیا جائے گا کہ سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کیا گیا ہے یا نہیں ۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعہ کی روک تھام کے لئے رپورٹ میں ا قدامات تجویز کیئے جائیں ۔ نوٹی فیکشن کے مطابق تحقیقات ایک ہفتہ میں مکمل کی جائے گی جو تجاویز کے ساتھ کمشنر کراچی کو ضروری کاروائی کے لئے پیش کی جائے گی۔