صوبائی وزیرویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض نے مقامی ہوٹل میں ''حجاب نوجوان اور سماجی رویے''سے متعلق منعقدہ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں مقتدر اداروں،سیاسی و سماجی تنظیموں دانش گاہوں کے نمائندگان کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام عورت کو ملک وقوم کی ترقی میں مقررہ حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنے کی حمایت کرتا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ نے اس بات پرزور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی معاشروں میں عورت نے ریاست میں اعلی عہدوں پر فائز ہوکر اپنا تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ آشفہ ریاض کا کہنا تھا کہ دختران اسلام ہی نے تاریخ عالم میں پہلی دفعہ بہترین منصف،استاد اور مہتمم کے طور پر ہر عورت کو تقدیس و اہمیت عطا کی- انہوں نے مزید کہا کی ہمیں اسلامی اقدار کے تحت خواتین کومعاشی طور پرمستحکم کرنا ہے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ اس مقصد کے لیے محکمہ ترقی خواتین ورکنگ خواتین کو ان کی ورک پلیس پر ہی ڈے کیرسنٹرز کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔اس وقت موجودہ حکومت پنجاب بھر میں 137 ڈے کیرسنٹرزکا قیام عمل میں لا رہی ہے۔