کرونا، 24 اضلاع میں تقریبات ، انٹرسٹی ٹراسپورٹ پر پابندی ، پنجاب : 6 سے 11 ستمبر تک سکول بند

Sep 04, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار+ اے پی پی+ آئی این پی+ وقائع نگار) ملک بھر میں کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد وزیراعظم عمران خان نے 24 اضلاع میں خصوصی اقدامات کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کرونا وائرس کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے زیادہ متاثر اضلاع میں پنجاب کے 15، خیبر پی کے کے 8 اضلاع شامل ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں ہرقسم کی ان ڈور آئوٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ این سی او سی کے مطابق متاثرہ 24 اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تعلیمی ادارے اور ان ڈور جم پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ متاثرہ اضلاع میں پابندیاں 4 سے 12ستمبر تک نافذ کی گئی ہیں۔ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، ملتان، بہاولپور، خانیوال، رحیم یار خان شامل ہیں۔ این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع میں پشاور،صوابی،مالاکنڈ، سوات، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) شامل ہیں۔ اس سے قبل کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پنجاب میں 6 سے 11 ستمبر تک تمام سرکاری و نجی سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں 6 سے 11 ستمبر تک سکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر رہیں اور محفوظ رہیں۔دوسری طرف کرونا وائرس سے 57 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 35 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 71 ہزار 578 ہوگئی۔ این سی او سی نے وزیراعظم کو بتایا  وبا کے زیادہ پھیلاؤ والے شہروں میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کی آمدورفت اور ان ڈور آؤٹ ڈور تمام تقریبات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اضافی این پی آئیز کا نفاذ ہوگا۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت میں کووڈ کے کیسز میں خوفناک اضافے کے بعد جزوی لاک ڈاؤن لگانے کا حکم دے دیا ہے۔ اسلام آباد میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کر گئی ہے، سکولز جمز اور تمام انڈور سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پیرمحل سے نامہ نگار کے مطابق کرونا خاتون سمیت 2افراد کی زندگیاں نگل گیا۔ نواحی گائوں 674/15گ ب میں خاتون مجیداں بی بی اور 28سالہ عبدالماجد مبینہ طور پر کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت کے بھی 4ملازم جن میں 3خواتین شامل ہیں کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں کرونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 6 ستمبر سے 11 ستمبر تک بند کر دیئے گئے ہیں اس دوران ان ہاؤس امتحانات بھی نہیں ہو سکیں گے تاہم فیڈرل بورڈ کے تحت جاری امتحانات سخت ایس او پیز کے تحت جاری رہیں گے۔ وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) ڈائریکٹر اکیڈمکس  سعدیہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام سرکاری تعلیمی ادارے 4 سے 11 ستمبر کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں۔ اس دوران آن کیمپس کوئی سرگرمی نہیں ہو گی تاہم آن لائن تعلیمی عمل جاری رہے گا۔  پنجاب حکومت نے 15  شہروں میں یونیورسٹیاں اور کالجز بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ 15  شہروں میں یونیورسٹیاں اور کالجز 4 ستمبر سے 12 ستمبر تک بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی‘ گجرات‘ گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ سیالکوٹ میں یونیورسٹیاں اور کالجز بند رہیں گے۔ پنجاب حکومت کے اعلامیے  کے مطابق فیصل آباد‘ سرگودھا‘ خوشاب‘ میانوالی‘ خانیوال  میں یونیورسٹیاں اور کالجز بند رہیں گے۔ بہاولپور‘ رحیم یار خان‘ بھکر اور ملتان میں بھی یونیورسٹیاں اور کالجز بند رہیں گے۔کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے دیگر اضلاع میں آج 4 ستمبر سے 12 ستمبر تک سرکاری و نیم سرکاری یونیورسٹیاں، کالج جبکہ سکول 6 ستمبر سے 11 ستمبر تک بند رہیں گے۔ حکومت پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

مزیدخبریں