اسلام آباد (نامہ نگار) سید علی گیلانی کی میت قبضے میں لینے اور نماز جنازہ سے روکنے پر دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے ان کے سامنے سخت مؤقف پیش کیا۔ علی گیلانی کی میت قبضے میں لینے پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی۔ احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو میت کے ساتھ کیے گئے سلوک پر سخت مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ کشمیری رہنما کے خاندان کو مرضی کے مطابق تدفین کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی فورسز کا سید علی گیلانی کی میت چھیننا شرمناک اقدام ہے اور سیدعلی گیلانی کی وصیت کیخلاف تدفین عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج بار بار کشمیریوں کے خلاف اندھا دھند طاقت کا استعمال اورغیرانسانی فعل کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر ظلم کر رہی ہے۔ ناظم الامور کو کہا گیا کہ بھارت کو اپنی حرکتوں سے باز آنا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی غلط فہمیاں علاقائی امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔ بھارت اپنی بداعمالی پر پردہ ڈالنے کیلئے کوئی ڈرامہ نہ رچالے۔