بارش ، کراچی میں سڑکیں ، نشیبی علاقے زیر آب ، 250 فیڈر ٹرپ

Sep 04, 2021

لاہور/ کراچی/ ہارون آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) لاہور‘ ہارون آباد و دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ موسم خوشگوار ہو گیا۔ کراچی میں کہیں ہلکی   کہیں تیز بارش سے سڑکوں پر پانی جمع  ہو گیا نشیبی علاقے زیر آب  آ گئے۔ شہر قائد میں بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 250 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے، جس کے باعث مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، نیوکراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹائون، سخی حسن، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ایئر پورٹ، سپر ہائی وے لنک روڈ، نیو ملیر، سعدی ٹاون، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی ، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ شہری بارش کامزہ اٹھانے گھروں سے باہر نکل آئے۔ بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں روایتی طور پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور فیڈر ٹرپ ہونے سے شہریوں کوطویل لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنا پڑ رہا ہے۔ کراچی میں بارش کا  آغاز ہوتے ہی ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب حالات کا جائزہ لینے ضلع وسطی پہنچ گئے اور لیاقت آباد، کریم آباد، تین ہٹی، لسبیلہ، ملحقہ علاقوں میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ مرتضی وہاب نے کے ایم سی کو نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات کیں۔ دریں اثناء بارش سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ مختلف ائر لائنز کی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ائر لائن کی  پرواز اور کراچی سے لاہور جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔ ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق  گزشتہ روز ہارون آباد اور گردونواح میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی۔ زرعی ماہرین کے مطابق حالیہ بارش کپاس کی فصل کیلئے نقصان دہ ہے جس سے فصل پر منفی اثرات پڑیں گے۔

مزیدخبریں