آکلینڈ (نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) نیوزی لینڈکے شہر آکلینڈ کی سپر مارکیٹ میں دہشتگردی کے واقعہ میں 6 افراد زخمی ہوئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آکلینڈ کی سپرمارکیٹ میں چاقو بردار حملہ آور نے خریداری کیلئے آنے والے 6 افراد کو زخمی کیا جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے حملہ آور کو واقعہ کے بعد ایک منٹ میں فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے واقعہ کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چاقو بردار حملہ آور دہشتگرد تنظیم داعش کا حامی تھا۔ انہوں نے کہا کہ آکلینڈ میں جو ہوا وہ قابل نفرت اور غلط تھا جبکہ حملہ آور سری لنکا کا باشندہ تھا جو 2011ء میں نیوزی لینڈ آیا تھا۔ اور پولیس اس پر 2016ء سے نظر رکھے ہوئے تھی۔