اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل خوش دل خان نے معروف بزرگ حریت رہنما و تحریک آزادی کشمیر کے سربراہ سید علی گیلانی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار عطاء اللہ مینگل کی وفات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ جمعہ کو پاکستان بار کو نسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم سید علی گیلانی ایک باہمت، نڈر اور مخلص رہنما تھے جنہوں نے اپنی تمام عمر بھارتی سامراج کے خلاف جدوجہد میں گزاری ،سید علی گیلانی کی وفات کے بعد جموں کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے ،مرحوم سید علی گیلانی کے جانے کے بعد بھی ان کا " کشمیر بنے گا پاکستان " کا نعرہ گونجتا رہے گا ۔ خوش دل خان نے سابق وزیر اعلی بلوچستان سردار عطاء اللہ کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے ہمیشہ پسے ہوئے اور مظلوم طبقے کیلئے جاندار آواز اٹھائی،سردار عطا اللہ مینگل کی سیاسی جد وجہد کو کبھی نہیں بھلایا جا سکے گا ۔ وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل خوش دل خان نے سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل اور مرحومین کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی ہے۔
عطا اللہ مینگل کی سیاسی جد وجہد کو کبھی نہیں بھلایا جا سکے گا ، خوشدل خان
Sep 04, 2021