برساتی پانی کی ناکاسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، مرتضیٰ وہاب 

کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی ، ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے بارش کا پانی جمع ہونے پرعملے کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ برساتی پانی کی نکاسی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ، اگر برساتی پانی سڑکوں پر نظر آیا تو متعلقہ افسران اور عملے کے خلاف کاروائی کی جائے گی ، یہ بات انہوں نے  ضلع شرقی کے دورے کے موقع پر سفاری پارک کے سامنے گفتگو کرتے ہوئے کہی،  میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی افضل زیدی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، تفصیلات کے مطابق  ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے جمعہ کی صبح بارش شروع ہوتے ہوئے شہر کے مختلف مقامات کا طویل دورہ شروع کیا جس میں ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد، کریم آباد، تین ہٹی، لسبیلہ، ضلع جنوبی میں ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ، کراچی جیم خانہ ، میٹروپول چوک اور ضلع شرقی میں یونیورسٹی روڈکا دورہ کیا اور برساتی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے کے ایم سی کے حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں اور تمام عملہ فیلڈ میں موجود رہے تاکہ برسات کے موسم میں پانی کھڑا رہنے سے شہریوں کو مشکلات پیش نہ آئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، انہوں نے کے ایم سی کے افسران اور عملے کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ شہر میں کہیں بھی پانی جمع ہونے کی ذمہ داری فیلڈ میں موجود افسران اور عملے پر ہوگی، ضلع ملیر اور ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ عملے کو نکاسی آب کا کام تیزی سے کرنے کی ہدایت کی تاکہ سڑکوں پر کہیں پانی رکنے نہ پائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ بھی کیاور شہریوں سے ملاقات میں ان کے مسائل معلوم کئے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ بارش شروع ہونے سے قبل ہی نکاسی آب کی مشینری اور پمپس مختلف علاقوں میں پہنچا دیئے گئے تھے جس کے باعث صورتحال کنٹرو ل میں رہی ، انہوں نے کہاکہ کے ایم سی ، ڈی ایم سی، واٹر بورڈ، سٹی وارڈن اور ٹریفک پولیس تمام ادارے مل کر کام کررہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ، جن مقامات پر چوکنگ پوائنٹس ہیں وہاں خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور نکاسی آب کا عمل تیز ی سے کیاجارہا ہے ، ا مزید بارشوں کی صورت میں بھی یہ کام جاری رہے گا متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا، انہوں نے کہاکہ وہ خود بھی شہر کا مسلسل دورہ کریں گے اوربرساتی پانی کی نکاسی کی صورتحال پر نظر رکھی جائے گی ۔

ای پیپر دی نیشن