مہینہ پہلے سکردو ائیر پورٹ پر اترنے کا مقصد گلگت بلتستان کی سیاحت تھی مگر اس علاقے نے سیاحت سے زیادہ مقامی باشندوں کے مسائل کی جانب متوجہ کر دیا اور مہینہ بعد دوبارہ سکردو ائیر پورٹ اترنا پڑا اور اس مرتبہ وزٹ کا مقصد سکردو سے ایک گھنٹہ کی ڈرایئو پر ضلع شگر کا دیہات چھورکا ہے ، یہاں مومنہ چیمہ فائونڈیشن کے توسط سے ہسپتال کا قیام خواب سے تعبیر ہونے جا رہا ہے۔ شگر کی اسی ہزار آبادی پر مشتمل دیہاتوں کو ایک بھی میڈیکل سہولت میسر نہیں۔ چھورکا گائوں میں مومنہ چیمہ میڈیکل سہولت مہیا کرنے کی بنیاد ایک مقامی باشندے عبد اللہ شگری کے سر جاتا ہے جنہوں نے ہسپتال کے لئے اپنی ذاتی ایک کینال زمین وقف کی ہے۔ یکم ستمبر کو مومنہ چیمہ فائونڈیشن کی جانب سے پنجاب سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اپنی مدد آپ کے تحت یہاں پہنچی اور فری میڈیکل کیمپ لگایا۔ماہر امراض جلد ڈاکٹر تنزیلہ خالد ، بچوں کے سرجن ڈاکٹر خالد چوھدری ، امریکہ سے انٹرنل میڈیکل ڈاکٹر تاثیر چیمہ کی ٹیم فری کیمپ میں فری ادویات کے ہمراہ یہاں پہنچی اور ہزاروں مریضوں کا نہ صرف چیک اَپ کیا بلکہ مفت ادویات بھی مہیا کیں۔امراض میں پیٹ کے امراض سب سے زیادہ پائے جاتے ہیں اس کا سبب صاف پانی کی نعمت سے محرومی ہے۔ پہاڑوں پر بسنے والے پہاڑوں سے مٹی کے گلیشئرز سے بہنے والے چشموں آبشاروں کا پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے بچوں کے پیٹ میں کیڑوں کی شکایت بھی عام ہے ،معدے کے امراض سے تمام عمر کے افراد طبی مسائل کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ سانس کی تکلیف اور جلد اور جوڑوں کے امراض بھی لاحق ہیں۔ زچگی اور دیگر ایمرجنسی مریضوں کے لئے بھی کوئی کلینک موجود نہیں۔ ضلع شگر اسی ہزار کی آبادی سکردو شہر میں ایک آدھ ہسپتال کی محتاج ہے اور برفباری کے موسم میں سکردو تک پہنچنا جوئے شیر کے مترادف ہے مزید براں مالی تنگدستی سکردو تک جانے کی اجازت نہیں دیتی ، دو ڈھائی ہزار روپے کا انتظام کر بھی لے تو ایمر جنسی کا مریض سکردو تک پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتا ہے۔ حکومت پاکستان کو بلتستان کے اضلاع میں صحت کی مفت سہولیات پہنچانے کی جانب توجہ دینا ہو گی۔ یہاں کے مقامی لوگ محب وطن عوام ہیں اور سیاحت کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ مومنہ چیمہ فائونڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت شگر کے دیہاتوں تک پہنچ چکی ہے مگر معاشی مسائل کے سبب خوابوں کو تعبیر دینے میں مشکلات کا شکار ہے۔ پہلا مرحلہ ان غریب عوام کو صاف پانی مہیا کرنا ہے ، بجلی کی سہولت بھی قابل رحم ہے۔’’ مومنہ چیمہ ہسپتال شگر سکردو ‘‘ کا سنگ بنیاد چھورکا گایوں میں رکھ دی گئی ہے ، اور ڈیجٹل کلینک کا افتتاح بھی یکم ستمبر کو کر دیا گیا تھا۔ اللہ نے چاہا تو شگر کی اسی ہزار کی آبادی کو فری ہسپتال کی سہولت بھی نصیب ہو جائے گی۔