کراچی (اسپورٹس رپورٹر)یوم دفاع پاکستان ہاکی سیریز میں شرکت کے لئے کراچی یوتھ ہاکی کلب کی ٹیم 6 ستمبر کو گوجرہ روانہ ہوگی، ایونٹ کی تیاری کے لئے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں 29 کھلاڑیوں پر مشتمل چار روزہ تربیتی کیمپ جاری ہے، تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرہ میں 8 ستمبر سے 12 ستمبر تک برقی قمقموں کی روشنی میں شیڈول یوم دفاع پاکستان ہاکی سیریز میں پی اے ایف شور کوٹ بیس، 55 بلوچ رجمنٹ سندھ شوور، کراچی یوتھ ہاکی کلب، 22 بلوچ رجمنٹ شوور، 9 سگنل گوجرانولہ اور 21 سندھ رجمنٹ کھاریاں کی ٹیمیں ایکشن میں نظر ائیں گی، ایونٹ میں شرکت کے لئے 29 کھلاڑیوں پر مشتمل کراچی یوتھ ہاکی کلب کا تربیتی کیمپ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے، 6 ستمبر تک جاری رہنے والے کیمپ کے لئے چار گول کیپرز، چار فل بیک، 9 ہاف بیک اور 11 فارورڈ کا انتخاب 28 اگست سے یکم ستمبر 2021 تک کھیلے جانے والے بلدیہ ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے اختتام پر انٹرنیشنل ہاکی پلیئرز لئیق احمد اور شجاعت علی پر مشتمل دو رکنی سلیکشن کمیٹی نے کیا، گول کیپرز میں عبداللہ شیخ، عبدالرافع، فرحان رضوی، بلال عمران، فل بیک میں عالیان سلیم، عبدالرزاق، بابر سعادت، فیصل رضا، ہاف بیک میں ندیم اکرم، ارباز ایاز، علی آفریدی، فہیم خان، عارف اللہ، خضر بن الیاس، رضا عباس، امیر عباس، شاہ زیب حیدر اور فارورڈ میں شاہ زیب خان، حماد ایاز، حارث نصیر، نعمان خان، سلطان محمود، شیخ وہاب، عبدالوہاب، وسیم اسلم، شاہ زیب ارباب، محسن نواز، میسم عباس اور حسن علی شامل ہیں، ایونٹ میں شرکت کے لئے فائنل 15 کھلاڑیوں کا اعلان 6 ستمبر کو کیا جائے گا جبکہ ٹیم اسی روز گوجرہ روانہ ہوجائے گی۔