نیویارک(آئی این پی)سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ نوویک جوکووچ ، جرمنی کے ٹینس سٹار الیگزینڈر زویرو اور کینیڈا کے ڈینس شاپووالو نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ میں کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں سربین سٹار نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہالینڈ کے حریف کھلاڑی ٹیلن گرییکسپور کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6، 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔جرمنی کے ٹینس سٹار الیگزینڈر زویرو نے بھی دوسرا مرحلہ عبور کر لیا ، انہوں نے ہسپانوی حریف کھلاڑی البرٹ راموس کو سیدھے سیٹس میں 1-6، 0-6 اور 3-6 سے ہرا کر تیسر ارائونڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ایک اور میچ میں کینیڈین ٹینس کھلاڑی دینس شاپووالو نے سپین کے حریف کھلاڑی رابرٹو کاربالس بیناکو ٹائی بریک پر 6-7(7-9)، 3-6 اور 0-6 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں آسٹریلین ٹینس سٹار اور ٹاپ سیڈڈ ایشلی بارٹی نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈنمارک کی حریف کھلاڑی کلارا ٹاسن کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، ان کی فتح کا سکور 1-6 اور 5-7 تھا۔ تیسرے رائونڈ میں ٹاپ سیڈڈ کو مقابلہ امریکی ٹینس کھلاڑی شیلبے راجرز سے ہوگا۔جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا نے بھی دوسرا مرحلہ عبور کر لیا ۔ انہوں نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد میزبان حریف کھلاڑی امانڈا انیسیمووا کو 5-7، 7-6(7-5) اور 6-7(7-9)سے ہرا کر تیسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ دوسرے رائونڈ کے دیگر مقابلوں میں امریکا کی شیلبے راجرز،سوئٹزرلینڈ کی بلیندابنکک،امریکا کی جسیکا پیگولا، روس کی اناستاسیا پائولیچنکووا ،جمہوریہ چیک کی پیٹراکویٹووا اور یونان کی ماریا سکاری نے کامیابی حاصل کر کے تیسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ٹاپ سیڈڈنوویک جو کووچ یو ایس اوپن کے تیسرے رائے ونڈ میں
Sep 04, 2021