لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹوکیو پیرالمپکس کی تاریخ میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ وہ اسی طرح سب کو متاثر کرتے رہیں۔انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’حیدر علی مبارک ہو، ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔ حیدر علی کو شاندار کامیابی پر پیغام دیا کہ ’اسی طرح ہم سب کو متاثر کرتے رہیں۔ وسیم اکرم نے حیدر علی کو مبارکباد دیتے ہوئے اْنہیں سب کے لیے رول ماڈل قرار دے دیا۔ ٹوئٹر پر پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ ’حیدر علی کا ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈمیڈل جیتنا بڑی خوشخبری ہے۔ یہاں ایک کھلاڑی ہے جس نے ہمت اور عزم دکھایا نا صرف مقابلہ کرنے کا بلکہ جیتنے کا۔حیدر علی ہم سب کے لیے ایک حقیقی رول ماڈل اور لیجنڈ ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔ شعیب اختر کی جانب سے حیدر علی کو گولڈ میڈل جیتنے پر شاباش دی گئی ہے۔شعیب اختر نے ٹوئٹر پر حیدر علی کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنا گولڈ میڈل چْومتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کیپشن میں لکھا کہ ’شاباش! حیدر علی۔اللہ تعالیٰ! تمہیں اور کامیابی دے۔ احمد شہزاد کی جانب سے حیدر علی کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔ ٹوئٹر پر احمد شہزاد نے حیدر علی کی گولڈ میڈل کیساتھ تصویر شیئر کی اورلکھا کہ ’پہلے پاکستانی حیدر علی نے پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی۔ہمارے ہیرو! ہمیں آپ پر بہت زیادہ فخر ہے۔ وہاب ریاض کی جانب سے حیدر علی کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی گئی ۔وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کیلئے پہلی مرتبہ پیرالمپکس گولڈ جیتنے پر حیدر علی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وہاب ریاض نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پیغام میں کہا کہ آپ نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے، بہت خوب ہیرو۔ حسن علی نے حیدر علی کو شاباش دی۔ سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا اور حیدر علی کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔حسن علی نے حیدر علی کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کیلئے بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ حیدر علی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، شاباش ہیرو۔