سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد نبوی کے بڑے دروازوں پر سکرین کی تنصیب کا افتتاح کیا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی کے گیارہ بڑے دروازوں پر سکرین نصب کی گئی ہیں۔ ان سکرینوں کی بدولت زائرین کو یہ معلومات ملتی رہیں گی کہ کس دروازے سے اندر جاسکتے ہیں اور کس دروازے سے باہر آسکتے ہیں۔مسجد نبوی میں اژدحام کوکنٹرول کرنے میں بھی یہ سکرین مددگار ثابت ہوں گی۔ ان کے ذریعے یہ رپورٹ ملتی رہے گی کہ اندر کتنارش ہے اور کتنی گنجائش ہے۔ ڈاکٹر السدیس نے بتایاکہ بڑے دروازوں پر سکرینوں کی تنصیب کا مقصد اژدحام کو کنٹرول کرنا ہے۔ معاون سیکریٹری انتظامیہ انجینئر سعد الاحمدی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں مسجد نبوی کے گیارہ بڑے دروازوں پر سکرینیں نصب کی گئی ہیں، دوسرے مرحلے میں بارہ سکرینیں نصب کی جائیں گی اور سینٹرل کنٹرول روم سے انہیں منسلک کردیا جائے گا۔