وزیراعظم کی ہدایت پر صحت انصاف کارڈ سے متعلق شہریوں کے مسائل پاکستان سیٹیزن پورٹل سے منسلک

وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کے نظام میں مزید بہتری لانے کیلئے صحت انصاف کارڈ سے متعلق شہریوں کے مسائل کو پاکستان سیٹیزن پورٹل سے منسلک کردیا ہے اور وزیراعظم کی ہدایت پرسیٹیزن پورٹل پر صحت انصاف کارڈ کے نام سے خصوصی کیٹگری الاٹ کردی گئی ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق صحت انصاف کارڈ کے نظام میں مزید بہتری لانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ڈلیوری یونٹ نے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ اسپتالوں میں علاج سے انکار،سہولیات کے فقدان،عملہ کے رویئے سے متعلق براہ راست شکایات پاکستان سیٹیزن پورٹل پر کی جا سکیں گی۔ علاج پرآئے اخراجات کی عدم معلومات،علاج میں تاخیر اورغلط علاج پر بھی شہری شکایت کر سکیں گے ۔وزیراعظم آفس کے مطابق صحت انصاف کارڈ کے پینل میں شامل اسپتالوں کے مسائل پر بھی شکایات درج کروائی جا سکیں گی۔شکایات کے فوری ازالے کے لیے اسٹیٹ لائف کے اعلی افسران کو خصوصی ڈیش بورڈ بھی الاٹ کردیا گیاہے۔ چئیرمین اسٹیٹ لائف شہریوں کی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن