سیدعلی گیلانی کشمیری قوم کا عظیم ہیرو قرار،آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں خراج عقیدت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

 آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سیدعلی گیلانی کو کشمیری قوم کا عظیم ہیرو قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ۔قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس تحریک آزادی کشمیر کے رہنما، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہفتہ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر چوہدری انوار الحق نے کی۔ اجلاس سے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیاز ی،قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر،سینئر وزیر سردار تنویر الیاس،سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان، وزیر اطلاعات قانون انصاف وپارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد،وزیر خزانہ عبدالماجد خان، وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری محمد رشید، ممبران اسمبلی حافظ حامد رضا، اکبر ابراہیم، چوہدری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبدالوحید، سردار حسن ابراہیم، جاوید بٹ، تقدیس گیلانی، نبیلہ ایوب اور نثارہ عباسی نے خطاب کیا۔ اجلاس سے خطاب سے کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہاکہ بطل حریت نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے وقف کر دی اورآخری دم تک اپنے نظریے پر ڈٹے رہے سید علی گیلانی کو  زندگی کے بیشتر عرصہ میں قید اور نظر بند  رکھا گیا لیکن ان کے جذبے میں کمی نہیں آئی،، لازوال جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ سید علی گیلانی کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ پر نہیں ہو سکتا۔سید علی گیلانی کی وفات کے بعد ہندوستانی فورسز نے ان کے اہلخانہ پر تشدد کیا اوران کی میت کی بے حرمتی کی اور انکی میت کو اپنی تحویل میں لیکر زبردستی ان کی تدفین کروائی اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ کابینہ اور قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بطل حریت سید علی گیلانی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی کے لواحقین، حریت قیادت اور کشمیری عوام سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ صدر پاکستان، وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جس طرح علی گیلانی کی وفات پر حکومت پاکستان کی جانب سے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیااور ان کی غائبانہ نماز جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی گئی۔ جب علی گیلانی کی وفات کی خبر ملی تو بیس کیمپ کی حکومت کی طرف سے میں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ان کا غائبانہ نماز جنازہ ادا کیا جائے اور ان کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں اس سے دنیامیں مثبت پیغام گیا۔انہوں نے کہاکہ متفقہ طور پر تحریک آزادی کے روح رواں سید علی گیلانی کو خراج عقید ت پیش کرنے پر حکومتی و اپوزیشن اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔کشمیر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ملکر ہندوستان کی جارحیت اور ظلم و بربریت کو دنیا میں بے نقاب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن