حکومت رہتی تو آئی ایم ایف کوفارغ کر دیتے‘ پی ٹی آئی  سمیت کوئی غداری کے سرٹیفکیٹ نہ بانٹے: شوکت ترین

Sep 04, 2022


(آئی این پی) سابق  وفاقی وزیر خزانہ  اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماسینیٹر شوکت ترین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت رہتی تو ستمبر تک آئی ایم ایف کی چھٹی کرا دیتے، آنے والے دنوں میں ٹیکسز کی بھرمار ہونے جا رہی ہے جب کہ گیس بھی 53 فیصد مہنگی ہونے والی ہے۔ دسمبر اور جنوری میں آئی ایم ایف نے ہمارے لیے بہت اچھی رپورٹ لکھی تھی، اچانک اس کی رپورٹیں تبدیل ہوگئیں۔ اس کی بھی جاری کردہ رپورٹ صرف ایک چورن ہے، بجلی اور گیس کی قیمت میں مزید اضافہ نہیں ہونا چاہیے، ہمیں روس سے سستا تیل درآمد کرنا ہو گا۔ اس وقت ملک کو سیلاب کا سامنا ہے، حکومت بجلی اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھائے، حکومت اور ہم سب کو مل کر سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنا ہوگا۔ قوم کو بھی اکٹھا ہونا پڑے گا۔ ہفتے کویہاںکراچی میں وزارت خزانہ کے سابق ترجمان مزمل اسلم کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے  شوکت ترین نے کہا کہ تحریک انصاف آئی ایم ایف کے سامنے ڈٹ جاتی تھی اور اپنے لوگوں کا تحفظ کرتی تھی، لیکن موجودہ حکومت نے ا ٓئی ایم ایف کی تمام شرائط کو مانا۔ آنے والے دنوں میں ٹیکسز کی بھرمار ہونے جا رہی ہے جب کہ گیس بھی 53 فیصد مہنگی ہونے والی ہے۔ شوکت ترین نے کہا کہ دسمبر اور جنوری میں آئی ایم ایف نے ہمارے لیے بہت اچھی رپورٹ لکھی تھی، اچانک اس کی رپورٹیں تبدیل ہوگئیں۔ اس کی بھی جاری کردہ رپورٹ صرف ایک چورن ہے۔ دریں اثناء عرب ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سمیت سب کو کہتا ہوں غداری کے سرٹیفکیٹ مت بانٹیں، پرائیویٹ فون کال کو ریکارڈ کرنا غیرقانونی فعل ہے۔ آئی ایم ایف کے پروگرام سے قبل کال ٹیپ لیک کرنا کس کی سازش ہے؟ فون کال ٹیپ کو لیک کرنے سے آئی ایم ایف کے معاہدے کو نقصان نہیں پہنچا، مجھ پر پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے، میرے  باپ نے ملک کی خاطر جیلیں کاٹی ہیں، میں نے ملک کے مالیاتی اداروں کو نفع پہنچایا، ہمیشہ ٹیکس ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں