گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبرکے صدر محمد شعیب بٹ نے محکمہ ماحولیات کو خبردار کیا ہے کہ بز نس کمیونٹی خصوصاً مینوفیکچرزکو بلاجواز لاکھوں مالیتی کے جرمانے اور بے جا ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔لیبارٹری انچارج کا بزنس کمیونٹی کے ساتھ ناروا روئیہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔انہوںنے کہا کہ کیا یہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ زیادتی نہیں کہ محکمہ ماحولیات ان فیکٹریوں کو بھی پریشان کر رہا ہے جنہوں نے محکمہ ماحولیات کیطرف سے پاس کردہ پلانٹ سسٹم اور چمنیاں لگا رکھی ہیں انکے ساتھ ان فیکٹریوں کو بھی جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جو جنریٹر چلا رہے ہیں ۔ ملکی انڈسٹری جو پہلے ہی انتہائی مشکلات سے دوچار ہے نامساعد کاروباری حالات کے باعث کاروباری لوگ اپنے کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوچکے ہیںبزنس کمیونٹی کو آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے محکمہ کے ایسے اقدامات سے نہ صرف انڈسٹری بند ہو گی بلکہ ان انڈسٹریوں میں جڑے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو جائیں گے ۔گوجرانوالہ چیمبر کی طرف سے محکمہ کو متعد د بارکہا گیا ہے کہ محکمہ کو فیکٹریوں کے ساتھ جو بھی مسئلہ ہے چیمبر آف کامرس میں آئیں تاکہ اس کا مل بیٹھ کر حل تلاش کریںلیکن محکمہ ماحولیات اس طرف کیوں آنے کو تیار نہیں یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے انہوںنے حکومت پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا کہ گوجرانوالہ میں محکمہ ماحولیات کو پابند کیا جائے کہ انڈسٹریل مالکان کو ہرگز پریشان نہ کیا جائے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر محکمہ ماحولیات اسی طرح انڈسٹری مالکان کر پریشان کریں گے تو انڈسٹری مالکان ورکرز کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔