سازشی عناصر اداروں، ججز کیخلاف مہم چلا رہے، کارروائی کی جائے: عمر سرفراز 

Sep 04, 2022


لاہور(نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ جب عمران خان کی حکومت ختم کی گئی ملک ترقی کے منازل طے کررہا تھا۔ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے دور میں جی ڈی پی 5.97 فیصد تھی۔زراعت ,صنعتوں اور خدمات کے شعبہ میں خاطر خواہ ترقی ہو رہی تھی۔زرعی شعبہ 3.5 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 4.4 فیصد ترقی کررہا تھا۔صنعتی شعبہ 6.6 فیصد کے ہدف مقابلے میں 7.2 فیصد کے حساب سے آگے بڑھ رہا تھا۔ خدمات کے شعبہ میں 4.2 فیصد شرح نمو کے مقابلے میں 6.2 فیصد ترقی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے فی کس آمدن سمیت تمام اہداف حاصل کیے۔عمران خان کے دور میں پٹرول کی قیمت 150 روپے فی لیٹر جبکہ پی ڈی ایم 236 روپے فی لیٹر تک لے گئی۔ڈیزل کی قیمت پی ٹی آئی کے فدور میں 144 روپے فی لیٹر تھی جبکہ پی ڈی ایم 247 روپے فی لیٹر تک لے گئی۔معاشی ترقی کی شرح پی ٹی آئی کے دور میں 5.9 فیصد تھی جبکہ پی ڈی ایم 3.5 فیصد تک لے گئی ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم اور انکی ٹیم کا وطیرہ ہے کہ حقائق مسخ کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملک سے بھاگا نہیں مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔عمران خان عدالتوں میں جھوٹے پرچوں کا بھی مقابلہ کر رہا ہے اور سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بھی فنڈز ریزنگ کر رہا ہے۔ سازشی عناصر اداروں اور ججز کے خلاف مہم چلا رہے ہیں جن کو مریم نواز اور پی ڈی ایم کے باقی رہنما فالو کرتے ہیں۔عمر سراز چیمہ نے کہا کہ ججز اور اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔امپورٹڈ مسلط ٹولہ آئی ایم ایف کے سامنے سجدہ ریز ہوچکا ہے۔ اگر یہ ٹولہ مسلط رہا تو مہنگائی ختم نہیں ہوگی۔سیاسی استحکام لانا بہت ضروری ہے۔سیاسی استحکام کا ایک ہی حل ہے کہ جلد از جلد شفاف الیکشن کروائے جائیں۔ مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ بینک آف پنجاب میں وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے کھولے گئے اکاو¿نٹ میں دل کھول کر عطیات دیں۔
عمر سرفراز 

مزیدخبریں