ہیبرون‘ مقبوضہ بیت المقدس (آئی این پی+ این این آئی) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع ہیبرون شہر ایک فلسطینی نے اسرائیلی فوجی چوکی پر چاقو سے حملہ کیا جسے اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے کہا کہ ایک چاقو سے مسلح حملہ آور فوجی چوکی کے قریب پہنچا اور ایک فوجی کو چاقو مار کر زخمی کیا جس کے بعد دوسرے فوجی نے گولی چلا کر حملہ آور کو قتل کر دیا۔ دوسری طرف مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع گاﺅں النبی صموئیل کے رہائشیوں کی طرف سے بھرپور مقابلے کے بعد اسرائیلی فوج کی حفاظت میں گاﺅں پر دھاوا بولنے والے آباد کاروں کی سازش ناکام بنا دی گئی۔ اس موقع پر فلسطینیوں اور یہود آباد کاروں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ آباد کاروں کے ساتھ تصادم کے دوران قابض فوج نے 4 نوجوانوں کو گرفتار کر کے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں نے بڑے پیمانے پر بھوک ہڑتال کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ اسرائیلی جیل انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے جابرانہ اقدامات کے خلاف اپنے مطالبات منوانے کی خاطر شروع کی جانی تھی۔
بہبودی آبادکار، جھڑپیں