لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایف ایف کے زیر اہتمام پہلی انٹرا اکیڈمی انڈر14 فٹسال چیمپئن شپ کا یوم دفاع پر آغاز ہوگا، 6اور 7ستمبر کو شیڈول مقابلوں میں 8ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ان میں بلز،فیم لاہور اتھلیٹکس،سمرفز، ٹی ڈبلیو کے،کک آن،ایف 5اور لاکاس شامل ہیں۔یاد رہے کہ پی ایف ایف کے معاملات چلانے والے فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی روایتی فٹبال کےساتھ جدید طرز کے فارمیٹس کو بھی فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے،بیچ فٹبال سمیت دیگر اقسام کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائےگا۔نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ ایک طرف پاکستان فٹبال کی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں،دوسری جانب جدید فارمیٹس میں بھی کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پروگرام وضع کئے جارہے ہیں،انٹرا اکیڈمی انڈر14فٹسال چیمپئن شپ کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔