حیدرآباد: سندھ حکومت نے سیہون اور بھان سعید آباد کو بچانے کے لیے منچھر جھیل میں کٹ لگادیا جس کے بعد متاثرہ افراد کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیہون اور بھان سعید آباد کو بچانے کے لیے کٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، کٹ لگانے سے ایک لاکھ 25 ہزار افراد شدید متاثر ہوں گے، لوگوں کو نکالنے کے لیے پوری سرکاری مشینری لگی ہوئی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ بھی اپنے آبائی علاقے پہنچ گئے ہیں، سیلاب سے تاحال سندھ میں 563 اموات ہوچکی ہیں اور 2 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کٹ لگانے سے 5 یونین کونسلز متاثر ہوں گی، وزیر اعلی سندھ کا علاقہ واہڑ بھی بری طرح متاثر ہوگا، کٹ سے بوبک، اراضی، جعفرآباد اور یوسی چنہ شدید متاثر ہوں گی۔سندھ حکومت نے اس فیصلے پر عمل کرتے ہوئے منچھر جھیل میں کٹ لگادیا جس کے بعد پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا، متاثرہ افراد کو بچانے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے امدادی آپریشن جاری ہے۔
سیہون شریف کی آبادی کو بچانے کیلیے منچھر جھیل میں کٹ لگادیا گیا
Sep 04, 2022 | 15:58