اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، قوم محدود وسائل کے مطابق رہے۔
مفتاح اسماعیل نے غیرملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ 47 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ سیلاب کی وجہ سے افراط زر کی شرح میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی 15 فیصد رہے گی۔وزیرخزانہ نے کہا کہ طویل عرصے تک لگژری آئٹم کی درآمدات پر پابندی ناگزیر ہے جبکہ رواں مالی سال معیشت کی شرح نمو 3.5 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ایک سال میں کچھ نہیں کرسکتے لیکن اچھے دور کی شروعات کے لیے چیزوں کو ٹریک پر لاسکتے ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان کو اپنے وسائل میں رہ کر گزارا کرنا ہوگا‘۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دہائیوں پرانے طریقوں کو بدلنا ہوگا اور قوم کو محدود وسائل کے مطابق رہنا ہوگا۔