علماء قرآن وحدیث کے مطابق قوم کو زندگی گزارنے کا طریقہ بتائیں :عبد الغفار روپڑی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)علماء قرآن وحدیث کے مطابق قوم کو زندگی گزارنے کا طریقہ بتائیں۔ اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم زوال کا شکار ہیں فرقہ واریت سے اجتناب کریں یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں علماء اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کو چاہیے قرآن وحدیث کی دعوت کو عام کرنے کی کوشش کریں تاکہ جہالت اور تعصبات کا خاتمہ ہو سکے۔ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی نجات اور خوشحالی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم زوال کا شکار ہو رہے ہیں۔ صحابہ کرام اور اہل بیت کی زندگیاں ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ جنہوں نے اللہ اور اسکے رسول کے احکامات پر عمل کیا اور پوری دنیا پر چھا گئے ۔اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ہم مسلسل زوال اور پسماندگی کا شکار کیوں ہیں اس لیے کہ ہم اور ہمارے حکمرانوں نے ہمیشہ جھوٹ اور دھوکہ دہی کا سہارا لے کر عیاشیاں کیں اور غریب آدمی کی زندگی کو دنیاوی جہنم میں دھکیل دیا اگر ہم نے خوشحالی اور ترقی کی طرف پلٹنا ہے تو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہمارے حکمرانوں کو ہدایت دے تاکہ ہم عملی طور پر مسلمان بن کر اچھی زندگی گزار سکیں۔

ای پیپر دی نیشن