وفاقی علاقے میں ایکسپو سنٹر قائم کر کے اہم قومی فریضہ ادا کریں گے، طارق محمود

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انٹیلی جنس بیورو ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی نے وفاقی دارالحکومت میں جدید ترین ایکسپو سینٹر کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور آئی بی ای سی ایچ ایس کے سیکرٹری شجاعت اللہ قریشی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیورو ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر طارق محمود نے کہا کہ وفاقی علاقے میں ایک جدید طرز کا ایکسپو سنٹر قائم کرکے ایک اہم قومی فریضہ ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر معیشت کی ترقی  میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس اہم منصوبے کے لیے آئی سی سی آئی اور آئی بی ای سی ایچ ایس کے درمیان جوائنٹ وینچر معیشت کو بہتر بنانے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے کو کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنا دے گا۔ انہوں نے برآمدات کو بڑھانے اور معیشت کی بحالی کے لیے مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر زور دیا۔ انہوں نے اس اہم منصوبے کے لیے آئی بی ای سی ایچ ایس کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ان کا ادارہ آئی سی سی آئی کے ساتھ جوائنٹ وینچرکی بنیاد پر یونیورٹی اور ہسپتال سمیت مزید منصوبے شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

ای پیپر دی نیشن