فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) سانحہ جڑانوالہ سے متعلق ترجمان فیصل آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سانحہ 2 مسیحی افراد کی ذاتی رنجش کے باعث رونما ہوا۔ ملزم پرویز مسیح کو عمیر عرف راجہ اور اپنی بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک تھا۔ پرویز مسیح نے عمیر راجہ کو قتل کرانے کی بھی کوشش کی۔ ایک اجرتی قاتل کو قتل کیلئے پیسے اور موٹر سائیکل بھی دی۔ قتل میں ناکامی پر توہین قرآن پاک کی گھناؤنی سازش کی گئی۔ گھناؤنی سازش میں پرویز مسیح سمیت 3 افراد شامل ہیں۔ پرویز مسیح نے عمیر کے نام سے توہین آمیز خط لکھا‘ مقدس اوراق کی بے حرمتی کی۔ لوگ توہین آمیز خط اور اوراق دیکھ کر مشتعل ہو گئے۔ اشتعال کے نتیجے میں مسیحی بستیوں کے گھر اور چرچز نذرآتش ہوئے۔ مقدمے میں ملزم پرویز مسیح اور عمیر راجہ سمیت 3 افراد زیر حراست ہیں۔