نگران حکومت نے کرپشن سے پلنے والوں کی نگرانی نہ کی تو ہم کریں گے: خالد مقبول

Sep 04, 2023

کراچی (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے 18ویں ترمیم کے بعد ادارے صوبائی حکومتوں کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔ نگران حکومت نے کرپشن سے پلنے والوں کی نگرانی نہ کی تو ہم کریں گے۔ اورنگی ٹائون میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کراچی کی 3 کروڑ کی آبادی کیلئے صرف 24 ارب روپے ملتے ہیں۔ کراچی کو جو 24 ارب ملتے ہیں، اْن میں سے 20 ارب کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں۔ پہلے ادھر ہم اْدھر تم کا نعرہ لگا کر پاکستان کو تباہ کیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان لڑنا نہیں چاہتی مگر مخالفین جانتے ہیں ہم لڑ سکتے ہیں۔ ہمارے اجداد کے بنائے کارخانوں، صنعتی اداروں پر قبضہ کیا گیا۔ نیشنلزم کے نام پر اداروں پر قبضہ کر کے اپنے لوگوں میں بانٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں اب افغانستان بھی آپ کو پیچھے چھوڑ رہا ہے۔ امین الحق نے کہا متحدہ نے جو وعدہ کیا اس کا افتتاح میڈیکل سنٹر کی شکل میں کر دیا۔ پیپلز پارٹی کی کرپٹ پالیسیوں کے سبب اورنگی کی عوام کو فوری سہولتیں میسر نہیں آ رہی ہیں۔

مزیدخبریں