فحش ڈانسز کا نوٹس‘ آرٹس کونسل گوجرانوالہ‘ فیصل آباد کے سربراہ برطرف

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر نے گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں فحش ڈانسز پر سخت ایکشن لیتے ہوئے آرٹس کونسل فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے سربراہان کو اپنے عہدوں سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ دونوں سربراہان تھیٹرز میں فحش ڈانسز روکنے میں ناکام رہے تھے۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں فحش ڈانس دکھانے والے تھیٹرز بھی بند کر دیے گئے۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل کے دونوں سربراہان فن کے نام پر فحاشی پھیلانے والے مافیا کو تحفظ دے رہے تھے۔ برطرف کیے گئے سربراہان کی جگہ نئے افسران تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کی آرٹس کونسل کے سربراہان کو سٹیج ڈراموں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کی ہیں اور کہیں بھی شکایت کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹرز سے فحاشی کے خاتمے کے لیے ڈرامیٹک  پرفارمنس ایکٹ 1876 میں ترمیم کی جا رہی ہے جس کے بعد تمام سیل شدہ تھیٹرز کھول دیے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن