کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مفت راشن ملنے کے اعلان پر سینکڑوں خواتین پہنچ گئی ہیں۔ خواتین کے جمع ہونے کی وجہ سے لیاقت آباد ڈاکخانہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ خواتین صبح سے راشن دینے کا اعلان کرنے والی نجی تنظیم کی گاڑی کی منتظر رہیں۔ نجی تنظیم کے عملے کے نہ پہنچنے پر خواتین کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ پولیس نے مذاکرات کے بعد خواتین کو لیاقت آباد ڈاکخانہ کی سڑک سے ہٹا دیا جس کے بعد مظاہرہ ختم کیا گیا اور سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ پولیس کے مطابق خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں پتہ چلا کہ یہاں راشن کارڈ بٹ رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر خواتین خود ہی صبح سے سڑک پر آکر بیٹھ گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کو اس سے متعلق کوئی معلومات نہیں فراہم کی گئیں۔ خواتین سے مذاکرات کے بعد انہیں واپس بھیج کر سڑک کھول دی گئی ہے۔