راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) حضور نبی کریمؐ کے میلادِپاک کے سلسلہ میں محفلِ میلادِ مصطفیؐ کا انعقاد مکی مسجد بروکلین نیویارک امریکہ کے مقام پر کیا گیا ،صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کی، پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ آج کائنات کے جس کونے میں احترامِ آدمیت موجود ہے تو وہ ہمارے رؤف الرحیم نبیؐ کے حُسنِ خُلق کی بدولت موجود ہے اور اسی پیغام کو دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں و دیگر اقوام تک پہنچانا اس تبلیغی دورے کا مقصد ہے۔ امریکہ میں بسنے والے تمام پاکستانی یہاں پر دینِ متین اسلام اور پاکستان کے سفیر ہیں اور دیگر اقوام صرف ہماری عبادات نہیں بلکہ دوسروں کے ساتھ معاملات ، اخلاق اور حُسنِ معاشرت کو بھی دیکھتی ہیں ، اسلام سرا سر سلامتی کا دین ہے جس کے سچے پیروکاروں کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔دیارِ غیر میں آپ نے اپنے اچھے اخلاق و کردار ، دوسروں کے کام آنے کے جذبے اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کے لئے ایسا مثبت کردار ادا کرنا ہے جو دینِ متین اور وطِن عزیز کی اقوامِ عالم میں سر بلندی کا باعث ہو۔حضور نبی رحمتؐ محسنِ اعظمِ انسانیتؐ ہیں جنہوںنے خود بنفسِ نفیس انسانیت اور دیگر مذاہب کی تعظیم و تکریم کی تعلیم ارشاد فرمائی۔آج انہی نورانی تعلیماتِ نبویؐ کو عملی طور پر اپنی زندگیوں پر نافذ کر کے مسلمانانِ عالم دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ محفل میں کثیر تعداد میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں و دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلم کمیونٹی نے شرکت کی، اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی حفاظت و ترقی کے لئے خصوصی دعا پر ہوا ۔
امریکہ میں مقیم پاکستانی اسلام اور پاکستان کے سفیر ہیں،حسان حسیب الرحمن
Sep 04, 2023