ہاربن(شِنہوا) پاکستان میں تعطیلات گزارنے کے بعد عبا س کو چین واپسی پر ہمیشہ یہ محسوس ہو تا ہے کہ وہ اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔چین میں عباس کیلئے ترقی کے مواقع اور خواب بھی موجود ہیں۔ عباس نے2013 میں جامعہ پنجاب سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد انہوں نے چین میں تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ عباس نے بتایا کہ میرا بھائی چین کے شمال مشرقی صوبہ حئی لونگ جیانگ کے شہر ہاربن کی شمال مشرقی زرعی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کررہا تھا۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ ہاربن میں تعلیمی ماحول بہت اچھا ہے لہٰذا میں نے ہاربن کے ایک تعلمی ادارے میں درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔ عباس نے بتایاکہ آخر کار انہوں نے ہاربن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا انتخاب کیا اور اسکالرشپ حاصل کیا۔