بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا: سردار عتیق

مظفرآباد ( نامہ نگار)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت حق خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی مظالم میںشدت آئی ہے۔ہندوستان کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر گزشتہ 76 برس سے وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔تاہم بھارتی جبر کشمیری عوام کو اپنے جائز مطالبات سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں ہندوستانی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے راولپنڈی مجاہد منزل میں مسلم کانفرنسی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں جس میں جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی قبضے کے خلاف جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ کشمیری عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگ بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ہندوستان کشمیریوں کو سر تسلیم خم کرانے کے لیے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوجی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں اور گزشتہ ماہ اگست میں 8 کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی ، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران روز بے گناہ کشمیریوں کو ظلم وتشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہندوستانی ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنی جدوجہد آزادی مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن