بنگلہ دیش نے پاکستان ٹیم کی ’’سرجری‘‘ کر دی، شان مسعود کپتان نہیں رہیں گے: باسط علی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے ٹیسٹ سیریز میں شکست پر کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرجری کی بات کی تھی جو بنگلہ دیش نے کر کے دکھا دی۔ لگ ہی نہیں رہا پاکستان کی ٹیم کھیل رہی تھی‘ کھلاڑی میدان میں الگ الگ گروپ بنا کر کھڑے ہوتے ہیں۔ بنگلہ دیشی بائولرز نے بابراعظم کو بھگابھگا کر آؤٹ کیا جبکہ شان نے دونوں میچوں میں سکول لیول کی کپتانی کی، ہم ناکامیاں چھپانے کیلئے بلیم گیم کھیلتے ہیں۔آسٹریلیا کے بعد بنگلہ دیش سے ہوم ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کی شرمناک شکست کے بعد سابق کرکٹر نے پیشگوئی کی ہے کہ شان مسعود کپتان برقرار نہیں رہیں گے۔ شان مسعود کی دونوں ٹیسٹ میچز میں بطورکپتان کارکردگی اچھی نہیں تھی۔ محمد رضوان موجود ہیں، تو شان مسعود کو کپتان بنانے کی ضرورت نہیں تھی۔ کپتان کے فیصلے میدان میں نظر آنے چاہئیں کہ وہ کس قسم کے فیصلے کر رہا ہے۔ کپتان کی وہ اتھارٹی نظر ہی نہیں آ رہی، وہ بائولرز کو پلان ہی نہیں دے پا رہے۔ جب کپتان کی سوچ اور کھلاڑیوں میں ہم آہنگی نہیں ہو گی تو پھر ایسی ہی کارکردگی ہو گی۔ بد قسمتی سے ہماری کرکٹ گرتی جا رہی ہے، لیکن پاکستان ٹیم کا تھنک ٹیم کیا سوچ رہا ہے، یہ پتہ ہی نہیں لگتا۔ سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ سزا اور جزا کا قانون رکھیں گے تو پھر کھلاڑی بھی محتاط ہونگے، ٹیم اچھی نہیں ہے۔ قومی ٹیم میں کیا مسائل چل رہے ہیں واضح نظر آرہا ہے، ہمارے کھلاڑی اچھے ہیں لیکن ٹیم اچھی نہیں ہے۔ ذاتی مفادات زیادہ ہوں تو ٹیم یا قوم کیلئے کوئی نہیں کھیلتا، بیٹرز کا پورا قصور ہے کیونکہ کوئی بھی سیٹ نہیں ہوسکا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بائولنگ اچھی نہیں ہوتی تو بیٹنگ کام کرتی ہے، بنگلہ دیش کو ہی دیکھ لیں 26 رنز پر 6 آؤٹ ہوئے تو پھر آگے پارٹنرشپ بنی۔ بنگلہ دیش ٹیم نے مائنڈسیٹ بنایا ہوا تھا جس کے مطابق ہی چلے، ٹیم میں کمیونی کیشن خراب ہو اور اعتماد کا فقدان ہو تو کوئی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ مینجمنٹ کو دیکھنا چاہیے کہ کیا کھلاڑیوں کی آپس میں نہیں بن رہی، ہمارے پاس بڑے بہترین کھلاڑی آتے ہیں لیکن انھیں اہمیت نہیں دی جاتی۔ لگتا ہے بنگلہ دیش کو ایزی لیا اسی لیے قومی ٹیم کامیاب نہیں ہوسکی، گرین پچ بناکر کبھی نہیں سوچنا چاہیے کہ ایک دن میں ٹیم کو دو مرتبہ آؤٹ کرلیں گے۔

ای پیپر دی نیشن