عمران  نے اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کاٹاسک دیا، ہم نے کسی کی منت سماجت نہیں کی‘ عمر ایوب 

لاہور( این این آئی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان نے محمود اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا ٹاسک دیا ہوا ہے، اس کے علاوہ ہم نے کسی سے منت سماجت نہیں کی، منتیں تو خواجہ آصف نے کیں ، وہ روتے بھی تھے ،نواز شریف کے پلیٹ لیٹس جو گرتے اس کی بھی جھوٹی رپورٹس بناکر کابینہ میں پیش کی جاتی تھیں اور وہ انہی کی بنیاد پر بیرون ملک گئے ،عمران خان کے دور میں معیشت 6فیصد سے گروتھ کر رہی تھی ، ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا گیا جس کا خمیازہ آج بھی بھگت رہے ہیں۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمرایوب نے کہا کہ خواجہ آصف کی غلطی نہیں وہ کھسک گئے ہیں، خواجہ آصف کی اپنی پارٹی کے لوگ ان سے تنگ ہیں ، ہم صرف اللہ رب العزت سے اپنے گناہوں کیمعافی مانگتے ہیں ، معافی وہ مانگتا ہے جس نے کوئی غلط کام کیا ہو ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا۔انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق 8ستمبر کو بھرپور جلسہ کریں گے۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ، (ن)لیگ ،پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم نے معیشت کو زمین بوس کیا، ہمارے دور میں 17سے18ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر تھے ،بجلی کا یونٹ17روپے کا تھا،بیرون ملک سے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے تھے، آج نوجوان باہر جانے کیلئے پاسپورٹ بنوانے کیلئے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں۔معیشت کی قبر تو انہوں نے کھودی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم تو کہہ رہے ہیں کہ 9مئی کے حقائق سامنے لائیں ،سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائیں دودھ کا دودھ اور پانی پانی کا ہو جائے گا، پی ٹی آئی کے لوگ پر امن ہیں ، ہم آج بھی  عدالت کے سامنے ہیں، ہم سوال کرتے ہیں 9مئی کی فوٹیجز کہاں ہیں سامنے لائیں،عمران خان نے تو کہا ہے کہ جو لوگ ملوث ہیں ان کو کٹہرے میں لائیںلیکن ثبوت تو دکھائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن