میانوالی (نمائندہ نوائے وقت) بزرگ سیاستدان سابق صوبائی وزیر عبدالرحمن ببلی خان کو اینٹی کرپشن حکام میانوالی نے گرفتار کر لیا ہے۔ سابق صوبائی وزیر عبدالرحمن ببلی خان کو نو مئی کے واقعات کے دو مقدمات تھانہ کمرمشانی اور ایک مقدمہ تھانہ سٹی میں میانوالی میں نامزد کیا گیا تھا جس کے بعد وہ روپوش ہو گئے، چند دن پہلے وہ منظر عام پر آئے اور انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا سے اپنی کنفرم ضمانت کرا لی تھی۔ روپوشی کے دوران محکمہ اینٹی کرپشن میانوالی میں جون 2023 میں عبدالرحمان ببلی کے خلاف کالا باغ کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے بارے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی جس میں الزام لگایا گیا اس میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا تھا اور اس کی نگرانی عبدالرحمن ببلی خان نے کیوں نہیں کی۔ عبدالرحمن ببلی اس مقدمے میں اینٹی کرپشن عدالت سے ضمانت کے بعد سرکل آفس میانوالی پہنچے تو انہیں بتایا گیا شیخ محمود والا سر کیہ کارپٹ روڈ میں کرپشن کے مقدمے میں بھی ان کا نام موجود ہے جس پر انہیں اس مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔ عبدالرحمان ببلی کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عبدالرحمان ببلی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بارے میں کسی قسم کا علم نہیں ہے، یہ تمام مقدمات بے بنیاد ہیں اور انتقامی کارروائی ہے۔
9 مئی مقدمات میں ضمانت پر سابق صوبائی وزیر عبدالرحمن ببلی کرپشن مقدمہ میں گرفتار
Sep 04, 2024