لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ہنر مند یوتھ، معیشت مضبوط، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو قابل قدر ہنر مند افرادی قوت بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کو پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔ نوجوانوں کو سکلز ڈویلپمنٹ فنڈکے ذریعے آئی ٹی سکلز اور آن جاب ٹریننگ دی جائے گی۔ انٹرن شپ اور آئی ٹی سکلز کے لئے نوجوانوں کے کورسز میں داخلہ کا پراسیس میرٹ بیسڈ ہو گا۔ پنجاب میں چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام آغاز کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے نوجوانوں کو مالی طور پر خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ ہنرمند نوجوان ملک کا قابل قدر سرمایہ ہیں۔ عالمی جاب مارکیٹ میں مسابقت کے لئے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے اربن فلڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ کوہ سلیمان کے علاقے رود کوہی اور فلڈ کے خطرے کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ بارش کے پانی کی جلد ازجلد نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور گلی محلوں سے بھی بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ لاہور سمیت دیگر شہروں کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کے انتظامات کئے جائیں۔ سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی زیادہ دیر نظر نہیں آنا چاہیے، تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے ہنگامی صورتحال کے لئے تیار رہیں۔ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے وارڈن موجود رہیں۔