کڑا احتساب فوج کے استحکام کیلئے ضروری، کوئی بالا نہیں: آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس

Sep 04, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ شرکاء کانفرنس نے سب سے پہلے شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان کے امن و استحکام کیلئے شہداء افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پی کے میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں شرکاء کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔  فورم نے ملک میں، خصوصاً بلوچستان اور خیبر پی کے میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہو لت کاروں کی سرگرمیوں اور اس کے تدارک کے لئے کئے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے  انسداد دہشتگردی کے لیے  قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ فورم نے اس بات پر زور دیا کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری  صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ شرکاء کانفرنس کا کہنا تھا کہ پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنیٰ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لئے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایک مضبوط اور مؤثر قانونی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے  اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ فورم نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سخت سائبر سکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا۔ فورم نے بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ، اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریک  آزادی کے شہداء کو خراج  عقیدت پیش کیا۔ فورم نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ فورم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد اور پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اعلی معیار کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں