پاکستان ریلویز کے دو کمپنیوں کیساتھ آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے معاہدوں پر دستخط

Sep 04, 2024

 اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان ریلویز نے دو کمپنیوں کے ساتھ آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے معاہدوں پر دستخط کر دیے۔ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کے تحت پاکستان ریلویز کمپنیوں کو آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے راستہ فراہم کرے گا۔ چینی کمپنی ایم ایل ون پر کیماڑی سے پشاور کینٹ تک کیبل بچھا سکے گی، اس ضمن میں پاکستان ریلویز کو بیس کروڑ چھپن لاکھ روپے کی ایڈوانس ادائیگی کر دی گئی ہے۔ دوسرے معاہدے کے مطابق پاکستانی کمپنی کیماڑی سے لودھراں تک کا رائٹ آف وے استعمال کرنے کی مجاز ہو گی۔ اس حوالے سے کمپنی کی طرف سے ریلوے کو ساڑھے تیرہ کروڑ روپے ایڈوانس میں ادا کر دیے گئے ہیں۔ یہ معاہدے تین سال کی مدت کیلیے کیے گئے ہیں جس میں توسیع بھی کی جا سکے گی۔چیف ایگزیکٹو افسر عامر علی بلوچ نے پاکستان ریلویز کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریلویز اپنی آمدن میں اضافے کیلیے مختلف ایونیوز پر کام کر رہا ہے، آپٹیکل فائبر کیبل معاہدے کا ہونا ریلوے کی ریونیو سٹریم بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ 

مزیدخبریں