کنشاسا (نیٹ نیوز) جمہوریہ کانگو کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی جیل کو توڑنے کی کوشش کے دوران کم از کم 129 افراد ہلاک ہو گئے۔ وزیر جیکومین شبانی نے منگل کو ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 129 لوگ مارے گئے جن میں 24 وہ افراد بھی شامل ہیں جنہیں انتباہ کے بعد گولی مار دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت کنشاسا کی مکالا جیل میں دیگر 59 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان کی وزارت نے بتایا کہ کئی لوگ کچلا گئے یا ان کا دم گھٹ گیا اور متعدد خواتین کا ریپ بھی کیا گیا۔دارالحکومت میں رہنے والے 40 سالہ الیکٹریشن دادی سوسو نے اطلاع دی کہ سیکیورٹی فورس کی گاڑیاں صبح سویرے لاشیں لے کر روانہ ہوگئیں۔تاہم حکام نے اس حوالے وضاحت نہیں کی کہ اس واقعے میں کتنے قیدی فرار ہوئے یا کتنوں نے ایسا کرنے کی کوشش کی، لیکن پیر کی صبح حکومت کے ترجمان پیٹرک مویا نے قومی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔
جمہوریہ کانگو: ملک کی سب سے بڑی جیل توڑنے کی کوشش، 129 افراد ہلاک
Sep 04, 2024