فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تاوان کے لیے اغوا ہونے والے طالب علم کو باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ خاتون سمیت دو ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ مدینہ ٹاؤن کے رہائشی نویں جماعت کے طالب علم حافظ ایان علی کو سکول جاتے ہوئے راستے سے نامعلوم ملزموں نے اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کاروں نے مغوی طالب علم کی رہائی کے عوض ورثاء سے تین کروڑ روپے تاوان ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا تھا۔ پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے تاوان کی ادائیگی کے دوران چھاپہ مار کر دو ملزموں مزمل اور سلمی نواز کو حراست میں لے کر مغوی طالب علم ایان علی کو باحفاظت بازیاب کروا لیا اور ادا کی گئی تاوان کی رقم بھی برآمد کر لی۔