سرینگر، جموں (کے پی آئی) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر نئی انٹرنٹ پابندیاں لگا دی ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) سروسز کو معطل کر دیا گیا ہے ۔ مقامی انتظامیہ نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران حساس ڈیٹا کی اپ لوڈنگ کو روکنے کے لیے وی پی این خدمات کو معطل کیا گیا ہے ضلع مجسٹریٹ راجوری کے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران حساس ڈیٹا کو اپ لوڈ کرنے نے سے روکنے کے لیے، راجوری ضلع میں وی پی این کے استعمال کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ان حملوں کے بعد ، فوج ایلیٹ پیرا کمانڈوز اور پہاڑی جنگ کی تربیت حاصل کرنے والے 4000 سے زیادہ تربیت یافتہ فوجیوں کو گھنے جنگلات والے اضلاع کے علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔جبکہ ضلع ریاسی میں مٹی کے تودے گرنے سے دو بھارتی خواتین یاتری ہلاک اور ایک لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔ یہ واقعہ ضلع کے علاقے پنچی کے قریب پیش آیا۔ حکام نے بتایا کہ مٹی کا تودہ پنچی کے قریب ویشنو دیوی کے نئے راستے پر گرآیا جس میں لوہے کے ایک پل کو بھی نقصان پہنچا۔ضلع راجوری میں ایک کشمیری نوجوان کی نعش دریا سے برآمد ہوئی ہے۔ سرولہ کا رہائشی 20 سالہ محمد یاسر جمعہ کو دریا عبور کرتے ہوئے بہہ گیا تھا۔ راجوری میںپل نہ ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کے حوالے سے بھارتی حکام کی بے حسی کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔سماجی کارکن ہیما کانت شرما اور نظام میر کی قیادت میں مظاہرین نے بدالہ منگ پل پر تعمیراتی کام روکنے پر حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔راجوری-جموں ہائی وے کو پنج پیر علاقے سے ملانے والا منصوبہ پانچ سال سے تعطل کا شکار ہے جس سے مقامی لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔سرینگر کا علاقہ الٰہی باغ گیس سلنڈر کے دھماکے سے لرز اٹھا، جس کے نتیجے میں بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹے شدید زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری جانب حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حق خودارادیت کے اصول کو برقرار رکھتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں مشرق وسطی جیسی صورتحال پیدا ہونے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب میں غیر قانونی تبدیلی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی بحالی کا عمل شروع کرے اور بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکے۔
مقبوضہ کشمیر: نام نہاد انتخابات پر پابندیاں سخت، مزید 4 ہزار اہلکار تعینات
Sep 04, 2024