ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روس نے یوکرائن کے شہر پولٹاوا میں بیلسٹک میزائل کا حملہ کیا ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق میزائل حملے میں 51 افراد ہلاک اور 206 زخمی ہو گئے۔ پولٹاوا کے فوجی انسٹی ٹیوٹ پر دو میزائل فائر کئے گئے۔ روسی حملے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں میں یوکرینی فوجی بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی حکام کی جانب سے حملے میں ہلاک و زخمی افراد کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کو اس حملے کا حساب چکانا ہو گا۔