لاہور: بارش کے باعث نوجوان کرنٹ لگنے، اسلام آباد میں 3 بچے ڈوب کر جاں بحق، بلوچستان میں بستیاں زیر آب

لاہور+ اسلام آباد+  گجرات+ قلعہ سیف اﷲ (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ کے پہاڑی علاقوں میں کلائوڈ برسٹ کے باعث طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ مسلسل بارش کی وجہ سے قلعہ سیف اللہ کے پہاڑی علاقوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلابی ریلے قریبی آبادیوں، فصلوں اور باغات میں داخل ہو گئے جس سے بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا ہے۔  بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوگئے۔ قلات اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور ندی نالوں میں طغیانی  ہے۔ بلوچستان میں مون سون بارشوں میں اموات کی تعداد34 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں میں2 خواتین اور19 بچے بھی شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی این 65  ہائی وے کئی مقامات پر سیلاب سے متاثر ہوئی جس سے زیارت، قلعہ عبداللہ اور پشین کے اضلاع میں پریشان کن صورتحال ہے۔ پشین میں بلوزئی چیک ڈیم  ٹوٹ گیا، سیلابی ریلے پل اور کئی رابطہ سڑکیں بہا لے گئے۔ دوسری جانب ہرنائی میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلے سے سروتی حفاظتی بند کئی جگہوں سے ٹوٹ گیا جبکہ ریلوے پٹری کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ زیارت میں پیچی ڈیم بھرگیا، سپیل ویز سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر موسمی خرابی اور انتظامی مسائل کی وجہ سے ایک پرواز منسوخ کی گئی ہے جبکہ 22 سے زائد ملکی اور غیر ملکی پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی کوئٹہ کی پرواز 4 گھنٹے تاخیر سے شام سوا 5 بجے روانہ ہوگی جبکہ ملتان کی پرواز 4 گھنٹے تاخیر سے رات سوا ایک بجے، اسلام آباد کی پرواز شام 5 بجے روانہ ہوگی۔ عدیس ابابا کراچی کی پرواز میں ایک گھنٹہ تاخیر رپورٹ ہوئی ہے۔ لاہور جدہ کی پرواز 7 گھنٹے، لاہور کوئٹہ کی پرواز ڈھائی گھنٹے، ریاض کی پرواز 4 گھنٹے، دوحہ لاہور ایک گھنٹہ اور  ابوظبی لاہور کی پرواز 6گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ اس کے علاوہ ریاض اور دبئی سے لاہور ایک گھنٹہ، سیالکوٹ جدہ ایک گھنٹہ، جدہ سیالکوٹ ساڑھے چار گھنٹے، اسلام آباد ابوظبی کی غیر ملکی پرواز ڈھائی گھنٹے، دمام اسلام آباد 2 گھنٹے، اسلام آباد مدینہ 3گھنٹے اور شارجہ پشاور کے لیے پرواز بھی ڈھائی گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔ لاہور میں گلبرگ‘ چوکی فردوس مارکیٹ کے علاقہ میں کرنٹ لگنے سے لڑکا جاں بحق ہو گیا۔ متوفی 18 سالہ زین عامر کو مکہ کالونی میں بارش کے دوران کرنٹ لگا۔ اسلام آباد کے تھانہ ترنول کے علاقے میں بارش کے کھڑے پانی میں تین کمسن بچے ڈوب گئے۔ کاغذ چننے والی دو کمسن بچیاں اور ایک بچہ پٹرول پمپ کے سامنے کھلی جگہ پر بارش کے کھڑے پانی میں ڈوبنے سے جاں بحق ہوگئے۔ تینوں بچوں کی نعشیں نکال لی گئیں۔ کمسن بچہ پانی میں پھسلنے کی وجہ سے ڈوبا تو بچیوں نے اسے بچانے کی کوشش کی جس سے وہ بھی ڈوب گئیں۔ بچوں کی شناخت دس سالہ بچہ گل زرین، سات سالہ بچی فرمینا اور9 سالہ بچی ہاجرہ بی بی کے ناموں سے ہوئی۔  ڈوبنے والے تینوں بچے آپس میں رشتے دار تھے۔ دریں اثناء گجرات میں دو بچیاں بارشی نالہ میں بہہ گئیں۔ ایک کو زندہ نکال لیا گیا۔ سیم نالہ محلہ لوکڑی مکڑاں ڈنگہ میں نہاتے ہوئے دو کم عمر بچیاں 8 سالہ مومنہ دختر محمد جاوید، 11سالہ نور عباس دختر غلام عباس سیم نالہ میں نہا رہی تھیں کہ پانی کی تیز لہروں میں بہہ گئیں۔  لوگوں نے 11سالہ نور عباس کو زندہ نکال لیا جبکہ 8سالہ مومنہ کی تلاش جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن