اسرائیلی بربریت جاری، روٹی کی قطار میں لگے افراد پر بمباری،  8 فلسطینی شہید

تل ابیب، غزہ (آئی این پی+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیہ کیمپ میں روٹی کیلئے قطار میں لگے افراد کو نشانہ بنا کر مزید 8 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ دوسری جانب حماس نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حملے جاری رکھے تو مزید یرغمالی تابوتوں میں ہی واپس جائیں گے۔ ترجمان حماس نے  کہا اسرائیلی وزیراعظم امن معاہدے کے بجائے فوجی حملوں پر زور دے رہے ہیں۔ نیتن یاہو نے یرغمالیوں کی واپسی میں ناکامی پر معافی مانگ لی۔ نیتن یاہو کی معافی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل میں مذاکرات سے نمٹنے کے حوالے سے سڑکوں پر شدید احتجاج دوسری رات میں داخل ہو گیا ہے۔ غزہ میں بمباری سے والدین کو بچوں کو پولیو ویکسین  پلانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ 3 روزہ مہم میں 6 لاکھ 40 ہزار فلسطینی بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف ہے۔ جنوبی لبنان الناقورہ میں اسرائیل نے اقوام متحدہ کی امن فوج کے ساتھ معاہدے کے تحت صفائی کا کام کرنے والی کمپنی کی گاڑی پر بمباری کی۔ 2 افراد مارے گئے۔ برطانیہ کی جانب سے اسلحہ سپلائی روکنے پر نیتن یاہو نے کہا فیصلہ شرمناک ہے، اس سے حماس کو شکست دینے کا عزم تبدیل نہیں ہو گا۔ ہتھیار ساتھ ہوں یا نہ اسرائیل یہ جنگ جیتے گا۔ امریکی صدر نے کہا جنگ بندی اور مغویوں کی واپسی کیلئے اسرائیلی وزیراعظم کی کوششیں ناکافی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن