اسلام دین فطرت، آرائش کا حکم دیتا ہے نمائش کا نہیں،جماعت اسلامی حلقہ خواتین

راولپنڈی(محبوب صابر/جنرل رپورٹر)اسلام دین فطرت ہے جو آرائش کا حکم دیتا ہے نمائش کا نہیں، قوموں کاعروج عورت کی حیا اور مرد کی غیرت سے مشروط ہے، ہر دین کا ایک اخلاق ہوتا ہے اور اسلام کا اخلاق حیا ہے۔ حجاب حکم الٰہی ہے جو بدکاری اور بدنظری سے بچاتا ہے۔ باحجاب عورت کیلئے معاشی ترقی کی راہیں کھلی ہیں، حجاب اعلی تعلیم اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، حقیقت میں حجاب خاموش دعوتِ دین ہے، دل کا پردہ آنکھ میں حیا اور نیت کی پاکیزگی کا عملی اظہار حجاب ہے،حجاب عورت کوآزادی، تحفظ، شناخت عزت ووقار عطا کرتا ہے،ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جماعت اسلامی حلقہ خواتین ناظمہ شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان،ناظمہ ضلع راولپنڈی فوزیہ غنی، نائب نگران نشر واشاعت شمالی پنجاب قدسیہ مدثر، رکن ضلعی شوری راولپنڈی نزہت ناطق، نائب ناظمہ شمالی پنجاب آنسہ اشفاق، نایب ناظمہ ضلع راولپنڈی ارم انصاری اور نگران آئی ٹی ضلع راولپنڈی شرمین قیوم نے یوم حجاب کے موقع پرنوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،  انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوم حجاب کے موقع پر خصوصی طور پر آگاہی مہم اور خواتین کو حجاب کے متعلق اور اس کی اہمیت کے متعلق آگاہ کرتی ہیں، تعلیمی ادراوں طالبات اور مختلف اداروں میں کام کرنے والی خواتین کو بھی حجاب کے متعلق بتاتی ہیں اور اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرتی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن