اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سینیٹر روبینہ خالد، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے پاکستان کے پسماندہ طبقے کی خدمت کے لیے مذہب، ذات پات یا پس منظر سے قطع نظر پروگرام کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ خیبر پختونخوا کے وفد سے ملاقات میں سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ صدر اور وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات کے تحت بی آئی ایس پی اپنے مستحقین کی رجسٹریشن کے لیے ایک سائنسی اور شفاف طریقہ کار اپناتا ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے یقین دلایا کہ بغیر کسی امتیاز کے پروگرام کی پالیسیاں اور طریقہ کار تمام اہل افراد کے لیے فوائد تک یکساں رسائی کو یقینی بناتے ہیں۔قبل ازیں، وفد نے رجسٹریشن کے عمل کے دوران اپنی کمیونٹی کے افراد کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے ان خدشات کا فوری طور پر ازالہ کیا اور متعلقہ عملے کو ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کی جانب سے اقلیتی برادریوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی فراہمی کے ذریعے ان کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بہتر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔