اسلام آباد(وقائع نگار)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جڑواں شہروں میں ڈینگی کے تدارک کے لئے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی.اجلاس میں جڑواں شہروں میں رپورٹ کئے گئے ابتک کے ڈینگی کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک مجموعی طور پر رپورٹ کئے گئے کیسز پچھلے سال کے تناسب سے کم ہیں،چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کرکے مکمل نگرانی کی جائے،انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی افزائش کی ممکنہ مقامات پر فیومیگیشن اور سپرے کو بھی یقینی بنایا جائے.اجلاس میں کیسز کی شرح میں اضافے کے ساتھ اسلام آباد کے لئے راولپنڈی سے مزید ماہر حیاتیات کی خدمات لینے پر بھی غور کیا گیا. محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ماہر حیاتیات کے زریعے نگرانی کو مزید بڑھایا جائے گا۔