دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علماء کرام نے پہلے بھی قوم کی رہنمائی کی :وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے علماء کرام کو  ایک بار پھراپنا عظیم کردار ادا کرنا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد کی ملاقات ہوئی .جس میں قیام امن اور دہشت گردی وفرقہ واریت کے خاتمے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ اور مولانا محمدعبدالخبیر آزاد کے درمیان مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المسالک اتحاد کو فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔محسن نقوی نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی دین و مذہب نہیں. دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علماء کرام نے پہلے بھی قوم کی رہنمائی کی اور اب بھی اس کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں موثر بیانیہ کے لیے تمام مسالک کے علماء کرام سے مشاورت کی جائے گی. علماء کرام سے مشاورت کی قومی مہم کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ 
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا جنگ ہے. اس ناسور کے خاتمے کے لئے علماء کرام کو ایک بار پھراپنا عظیم کردار ادا کرنا ہے. علماء کرام نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ دشمن بدامنی پھیلا کر انتشار پیدا کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے.سب ملکر دشمن کے ناپاک ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔

دوسری جانب مولانا عبدالخیبر آزاد کا کہنا تھا کہ پیغام پاکستان، پاکستان کاوہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی،انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کو حرام قرار دیا ہے، موجودہ حالات میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام امن کیلئے وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششیں اور خدمات لائق  تحسین ہیں،  دہشت گردی، انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔اس دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا عبدالخبیر آزاد کی مذہبی ہم آہنگی، اتحاد و وحدت کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن