لاہور/ ویٹی کن سٹی (خصوصی نامہ نگار+ ریڈیو نیوز+ ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسٹر کا تہوار منایا گیا ۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی مسیحی برادری نے اس تہوار کو پُرجوش انداز سے منایا۔ مسیحی برادری حضرت عیسٰی علیہ السلام کی یاد میں یہ تہوار مناتی اور اس دن کو موت پر فتح کے نام سے یاد کرتی ہے۔ اس تہوار سے قبل 40 دن کے روزے بھی رکھتے ہیں۔جبکہ ایسٹر پر اپنے پیغام میں صدر اور وزیراعظم سمیت مختلف مذہبی و سیاسی رہنماﺅں نے بھی مسیحی برادری کو ایسٹر پر مبارکباد پیش کی۔ مسیحی برادری نے خوشیاں منانے کے ساتھ پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں اور گرجاگھروں میں خصوصی تقریبات اور عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینی ڈکٹ نے پاکستان میں عیسائیوں کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں عیسائیوں کی جان کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عیسائیوں کے قتل اور ان پر مقدمات قائم ہونے کے بارے میں تحفظات ہیں۔ یاد رہے اس موقع پر انہوں نے ویٹی کن میں بچوں کے جنسی سکینڈل کا ذکر نہیں کیا۔پوپ نے کہا ہمیں ذہنی اور اخلاقی پاکیزگی اختیار کرنا چاہئے جبکہ امریکی صدر اوباما نے ایسٹر کے پیغام میں کہا کہ لوگ انسانیت کے نام پر متحد ہو جائیں۔ وہ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں۔