آل کراچی تاجر اتحاد کی کال پر شہر میں بھتہ گیری اورامن وامان کی خراب صورتحال کے خلاف آج ہڑتال کی جارہی ۔

کراچی میں بھتہ گیری، پرچی سسٹم اور امن وامان کی ناقص صورتحال سمیت تاجروں کو درپیش دیگر مسائل کے خلاف تاجر آج ہڑتال کررہے ہیں۔ ہڑتال کا فیصلہ گزشتہ روز کراچی تاجر اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس کے بعد اتحاد کے عہدیداران عتیق میر،جمیل احمد پراچہ، اسماعیل لائیلپوریہ، زبیرعلی خان اوردیگر نے آج شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی تاجروں کا مقتل بن چکا ہے ،بالخصوص چھوٹے تاجر اپنا کاروبار بند کرکے نقل مکانی پر مجبورہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم نے کراچی تاجر اتحاد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایم کیو ایم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، تاجروں سے بھتہ لینے والے دہشتگرد عناصرکی وجہ سے شہربھرمیں کاروباری سرگرمیاں متاثرہورہی ہیں۔ ادھرسنی تحریک نے بھی تاجروں کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب کراچی چیمبرآف کامرس نے تاجروں کی ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری کے خلاف دس نکاتی ایجنڈا پیش کردیا، جس پر عمل کے لئے تاجروں نے حکومت کو بارہ اپریل کی ڈیڈلائن دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن